بلوچستان کے ریڈیو اسٹیشنز اپ گریڈیشن کے منتظر ہیں، قاسم خان سوری

اسلام آ با د+کوئٹہ :ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان میں ریڈیو پاکستان کے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن سمیت ریڈیو پاکستان میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد، بلوچستان میں ملازمین کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کا حل سمیت عوامی آگاہی کے تعلیمی اور صحت کے پروگراموں کو بلوچستان کی علاقائی زبانوں میں نشر کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے اور وہاں کے ریڈیو اسٹیشنز ابھی تک آپ گریڈیشن کے منتظر ہیں بلوچستان کے ریڈیو اسٹیشنز کی آپ گریڈیشن اور ان میں بہتری لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچی، پشتو، براہوئی اور ہزارگی بلوچستان کی علاقائی زبانیں ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوامی آگاہی کے لیے ریڈیو پاکستان ان علاقائی زبانوں میں تعلیم اور صحت کے پروگرامز نشر کرے تاکہ آگاہی اور پیغام صوبے کے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ہماری حکومت بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہی ہے خاص کر وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد اس حکومت کے وژن کا حصہ ہے۔ ریڈیو پاکستان میں بھی بھرتیوں کے لیے بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد کیا جائے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کے بلوچستان کے ملازمین اپنی ٹرانسفرز اور دیگر معاملات میں بیشمار مسائل سے دوچار ہیں ان ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو یقین دھانی کرائی کہ ریڈیو پاکستان کے بلوچستان کے ملازمین کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور بلوچستان میں ریڈیو اسٹیشنز کی جلد ہی آپ گریڈیشن کی جائے گی جبکہ ریڈیو پاکستان میں بلوچستان کے کوٹے کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں