کرایہ کے ترجمانوں کی بہت جلد تنخواہیں بند ہونے والی ہیں،پیپلزپارٹی بلوچستان
کوئٹہ؛پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے پہلے وزراء اور ترجمانوں کے بوکھلاہٹ بھری بیانات پی ڈی ایم کی کامیابی کی نشاندہی کررہاہے،اپنے قد کاٹ سے بڑے لیڈروں کے خلاف بولنے والے کرایہ کے ترجمانوں کی بہت جلد تنخواہیں بند ہونے والی ہیں،پیپلزپارٹی نے بلوچستان کو 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے شکل میں تحفہ دیاہے،موجودہ حکومت نے عوام کو وعدوں اوردعوؤں کے سوا کچھ نہیں دیاہے،ملک کی معاشی نظام بدترین تنزلی کا شکار ہے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تحریک کی شروعات ملک میں شفاف انتخابات،حقیقی جمہوریت کے قیام، پارلیمنٹ کی بالاستی، آئین وقانون کی حکمرانی قائم کرنے اور ملک کے اقوام وعوام کو ہر قسم کے بحرانوں ومسائل اور موجودہ نااہل سلیکٹڈ حکومت سے نجات کی بنیاد ثابت ہوگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کے باعث ملک مسلسل سیاسی ومعاشی بحرانوں میں مبتلا ہے،ملک کی معاشی نظام بدترین تنزلی کا شکار ہے، ہر شعبہ زندگی تنزلی کی جانب رواں ہے،بدترین مہنگائی،بیروزگاری غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے، ملک کی تاریخ میں پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی سمیت ایسے تمام اشیاء کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہے جس نے ملک کو سنگین مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ لہٰذا اس سنگین صورتحال سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے تمام سیاسی جمہوری قوتیں،مزدور، طلباء، تاجر، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کا ساتھ دیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک ملک کے اقوام وعوام کے حقوق واختیارات کے حصول اور ہر قسم کے عوام دشمن اقدامات کا خاتمہ کردیگی اور اس جمہوری تحریک کے باعث ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ممکن ہوگی،انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے ترجمان کا قد اتنا نہیں جتنی وہ بڑی باتیں کررہاہے،ہم سمجھ سکتے ہیں کہ ترجمان حکومت بلوچستان اپنی تنخواہ حلال کرنے کی کوشش کررہے ہیں ایسے کرائے کے ترجمان اور لوٹے اپنا سامان باندھ لیں،جمہوریت پسند عوام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جمہوریت کی بحالی کیلئے تحریک کامیابی سے ہمکنار کریگی،آج وہ لوگ پاکستان پیپلزپارٹی کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں جن کے منصوبے خود کاغذی پلاؤ تک محدود ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل صوبائی وزراء اور ترجمانوں کی روزانہ کی بنیاد پر بیانات اور پریس کانفرنسز حکومت کی بوکھلاہٹ کوظاہر کررہاہے،ٹی وی چینلز پر ترجمانوں کے بیانات پی ڈی ایم کے جلسوں سے پہلے کامیابی کی نشاندہی کررہی ہے،انہوں نے کہاکہ جو لوگ اپنے قد کاٹ سے بڑھ کر قومی لیڈر کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں ان کی تنخواہیں بند ہونے والی ہیں۔


