ملک چلانے کیلئے بر آمدات میں اضافہ ضروری ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے ملک کی موجودہ معیشت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری برآمدات کا تناسب بہت کم ہے اور اس طرح کوئی بھی ملک نہیں چل سکتا ملک چلانے کیلئے بر آمدات میں اضافہ ضروری ہے جمعرات کوسی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ لوگ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پر بغیر پڑھے تبصرہ کرتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ ہے جسے پڑھ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے ہمارے معاشی اشاریوں کی صورتحال اچھی نہیں تھی، ایک سال پہلے کی صورتحال اور آج میں بہت فرق آچکا ہے، اب ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایک سال پہلے جو لوگ ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے تھے اب وہ خاموش ہیں، معاشی بہتری قلیل مدتی نہیں بلکہ طویل مدتی عمل ہے ہمیں پائیدار ترقی کے لیے اپنا مزاج بدلنا ہو گا۔ لوگوں کو یہ بات جاننا ہوتی ہے کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ کیا ہو گا، دراصل پالیسی ریٹ کا تعین اسٹیٹ بینک کی کمیٹی کرتی ہے جس میں کوئی حکومتی رکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کا تعین کیا جاتا ہے، ہمارا وعدہ ہے کہ ایکسچینج ریٹ کا تعین مارکیٹ کرے گی برآمدات کی شرح سے متعلق گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہماری برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 10 فیصد سے بھی کم ہے، کئی غریب ترین ممالک کی یہ شرح پاکستان سے بہتر ہے اور کوئی بھی ملک اس شرح سے نہیں چل سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں