اہل علم امن و بھائی چارے کیلئے کردار ادا کریں، گورنر یاسین زئی
کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق و اختیارات اور مذہبی آزادی کا حق دینے کی ضمانت دیتا ہے. یہ بات صوبہ بلوچستان کے تمام باشندوں کیلئے باعثِ فخر ہے کہ ہم مختلف اقوام اور مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود بھائیوں کی طرح کئی نسلوں سے اکٹھے رہتے آرہے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں سابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پادری فیاض یونس، پاسٹر ولسن فضل، پاسٹر آصف جان اور پاسٹر وارث صادق بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے صوبے کی مذہبی اقلیتوں خصوصاً مسیحی برادری کی صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کی مذہبی اقلیتوں سے مل کر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں. گورنر یاسین زئی نے تمام اہل علم و فکر پر زور دیا کہ وہ ملک وصوبے کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں


