وزیراعظم کا گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کا اعلان
گلگت : وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے، وہ دیامر بھاشا ڈیم کا بھی دورہ کریں گے.
گلگت بلتستان کے عوام آج ڈوگرا راج سے نجات کا دن منا رہے ہیں، 73 سال قبل گلگت بلتستان کی عوام نے آج کے دن ڈوگرا راج کو مسترد کرکے پاکستان کا پرچم لہرایا تھا، دن کی مناسبت سے وزیراعظم گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب میں شریک ہوئے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مختلف وجوہات کی بنا پر گلگت بلتستان کو باقی پاکستان سے کاٹ کر پسماندہ رکھا گیا تاہم موجودہ حکومت تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی سازش سے جاری دہشتگردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑ رہی ہیں۔ ایک مضبوط فوج ملکی سالمیت و خودمختاری کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے مجھے بلیک میل کرنا چاہا لیکن جب ناکام ہوئی تو ملکی اداروں کی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا اور توپوں کا رخ آئی ایس آئی یف اور پاک فوج کی طرف کر دیا۔ اب ہم پاکستان میں ایاز صادق کی شکل میں میر صادق اور میر جعفر دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے مفادات اب ملکی مفادات کے تابع نہیں رہے اس لئے اپوزیشن کو اب کوئی ریلیف نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے میں نے ملکی معیشت کی طرف توجہ مبذول کئے رکھی، مگر اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں قانون کی عملداری پر توجہ مبذول کی جائے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ وزیراعظم نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ مودی سرکار نے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی منصوبہ بندی کی مگر پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھارت کی سازش کو پورا نہیں ہونے دیا، ہماری سکیورٹی فورسز ملکی دفاع کیلئے مسلسل جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان، نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شریک ہیں۔


