سانگھڑ‘توہین مذہب کے ملزم کی گرفتاری کے بعد مشتعل ہجوم کاتھانے پرحملہ
سانگھڑ(انتخاب نیوز)سندھ کے ضلع سانگھڑ میں توہین مذہب کے الزام میں ایک ہندو شخص کی گرفتاری پر مشتعل ہجوم نے تھانے پر حملہ کر کے اس کی حوالگی کا مطالبہ کیا جس کے بعد مقامی عدالت نے ملزم کو جیل بھیج دیا ہے۔شہداد پور پولیس نے ملزم کو سینیئر سول جج دوم، محمد عظیم خواجہ کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے ملزم کو 14 روز کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔درج ایف آئی آر کے مطابق تین نومبر کو شہداد پور شہر کے نواحی علاقے کے قریب تین افراد کے پاس ایک پوٹلی موجود تھی اور وہ مبینہ طور پر اس میں سے قرآن) کے اوراق زمین پر پھینک رہے تھے۔پولیس ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بیان دیا کہ دو دیگر افراد کی مدد سے انھوں نے موقع پر ایک شخص کو پکڑ لیا جبکہ اس کے دو ساتھی پوٹلی پھینک کے فرار ہو گئے۔مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سڑک سے اوراق جمع کیے اور پوٹلی میں دیکھا تو اس میں دو مقدس کتابیں (قرآن) موجود تھیں، انھوں نے ٹیلیفون کے ذریعے متعلقہ تھانے کو اطلاع دی اور ملزم کو پوٹلی سمیت پولیس کے حوالے کیا۔


