کوئٹہ، برطرف اساتذہ کی بھوک ہڑتال جاری، حالت غیر ہونے لگی
کوئٹہ :کیچ کے برطرف اساتذہ اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا، خواتین و مرد اساتذہ کی جسمانی حالت کمزور ہونے لگی،انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کسی قسم کا انتظام موجود نہیں۔ تفصیلات کے مطابق کیچ کے برطرف 114اساتذہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں مرد و خواتین اساتذہ کی بڑی تعداد موجود رہی اس دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر ان سے اظہار یکجہتی کی۔ بھوک ہڑتال کے باعث اساتذہ کی جسمانی حالت کمزور ہونے لگی تاہم انہیں کیمپ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظام موجود نہیں ہے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور محکمہ تعلیم فوری طور پر ان کی بحالی کے آرڈز جاری کریں بصورت دیگر ان کا احتجاجی جاری رہے گا اس دوران کسی کو بھی کچھ ہوا تو تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔


