ِکوئٹہ، خواتین پر تشدد اور جبر کیخلاف مہم شروع کرنے کا اعلان
کوئٹہ:سول سوسائٹی کی تنظیموں کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 25نومبر سے عورتوں پر تشدد اور جبر کے خلاف16روزہ مہم کا آغاز ہورہا ہے جسکے دوران پارلیمنٹرینز کے ساتھ اجلاس،سیمینارز،پینل ڈسکیشن سمیت دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ بات چیئرمین ایواجی الائنس اور ایگزیکٹو ڈائریکٹراحساس پی کے وطن یار خلجی،عورت فاؤنڈیشن کی یاسمین مغل،بی آراسی پی کی نسیمہ سلام،ممبر نیشنل کمیشن برائے خواتین فاطمہ خان،عورت فاؤنڈیشن کے علاو الدین خلجی اور سحر آرگنائزیشن کے اشفاق مینگل نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اورنج ورلڈ فنڈ رسپانڈپروینٹ اور کلیکٹ کے موضوع کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین پر تشدد اورجبر کے خلاف 16روزہ مہم کا افتتاح آج ہوگاجس میں خواتین کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے 19نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوری سے ستمبر تک 38خواتین قتل،تین نے گھریلو حالات سے تنگ آکر خود کشی،8پر تشدد کیا گیا جبکہ 6خواتین اغواء ہوئیں اور 6کے ساتھ زیادتی کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ایک لاکھ میں سے 782دوران زچگی دم توڑ جاتی ہیں جبکہ اکیس فیصد بچیوں کی شادی 18سال سے پہلے کردی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک رویوں میں تبدیلی نہیں لائی جاتی اسوقت تک عورت کا استحصال ہوتا رہے گا۔


