سعودی عرب جی 20ممالک میں محفوظ ترین ریاست قرار
ریاض: بین الاقوامی اشاریوں میں سعودی عرب کو جی ٹوئنٹی ممالک میں سب سے محفوظ ترین ریاست قراردے دیا گیا۔ سعودی وزارت اطلاعات سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی اشاریے ظاہر کرتے ہیں کہ سعودی عرب جی ٹوئنٹی ممالک میں محفوظ ترین ملک ہے،سعودی مملکت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران کی نسبت اس کی کارکردگی بہتر ہے۔ان نتائج کا انکشاف مسابقتی رپورٹ 2019اور ایس ڈی جیز انڈیکس 2020میں ہوا۔ایس ڈی جیز انڈیکس میں کہا گیا کہ سعودی مملکت سلامتی کونسل کے پانچ ممبر ملکوں اور جی ٹوئنٹی ملکوں میں سرفہرست ہے جس کی آبادی یہ محسوس کرتی ہے کہ وہ رات کو بھی اکیلے پیدل چلنے میں بھی محفوظ ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے جی ٹوئنٹی ممالک میں چین اور کینیڈا سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران میں امریکہ سمیت اس کی کارکردگی سب سے بہتر ہے۔سعودی عرب کو پولیس خدمات پر عوام کے اعتماد کے حوالے سے بھی سرفہرست قراردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام بے حد اعتماد کرتے ہیں اور یہی اس کے تحفظ کے اقدامات کی کامیابی کی مثال ہے۔سعودی عرب نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ملکوں کے مقابلے میں منظم جرائم سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جبکہ عالمی مسابقتی رپورٹ2019میں فرانس اور امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آگیا۔عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر جاری مسابقتی رپورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اشاریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب نے تین پوزیشنز میں ترقی کی ہے اور اب وہ عالمی مسابقت میں بین الاقوامی سطح پر چھتیسویں نمبر پر ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ سعودی مملکت نے اپنی معیشت کو بھی ترقی دی ہے اور گزشتہ چند سالوں میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت کان کنی کی صنعت سے باہر سرمایہ کاری کی۔رپورٹ میں سعودی مملکت کے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عزم کو سراہا گیا جس کے تحت کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا گیا اس کے تحت مخفی توانائی سامنے آئی اور بڑے پیمانے پر رجسٹریشن کی گئی۔


