سی ٹی ایس پی اساتذہ،18اضلاع کا کام مکمل ہوچکاہے،سرداریارمحمدرند
کوئٹہ :صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ کے آرڈرز کے سلسلے میں 18اضلاع کا کام مکمل ہوچکا ہے جن کے آرڈز جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ باقی اضلاع کی لسٹیں مکمل ہونے کے بعد اساتذہ کوتعینا تی کے آرڈرز جاری کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ کی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے صدر رحمت اللہ یاسین زئی اوار چیئرمین مفتی فدا الرحمن نے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کو اعزازی دستار پہنائی۔ سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ اساتذہ کے وفد نے صدر رحمت اللہ یاسین زئی کی قیدت میں وزیر تعلیم سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین مفتی فدا الرحمن، پریس سیکرٹری سعداللہ سعدی، جمال کاکڑ، عبدالصمد رند، احسان اللہ، سمیع جعفر، اور ضلع کوئٹہ کے صدر منوراحمد زرخان کاکڑ اور نوراللہ ودیگر شامل تھے جنہوں نے سردار یار محمد رند کو اعزازی دستار پہنچائی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش پیش کیا۔ اس موقع پر سردار یار محمد رند نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ 18اضلاع کا کام مکمل ہوچکا ہے مذکورہ اضلاع کے اساتذہ کے آرڈرز جلد ایشو ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع کے اساتذہ کے آرڈز بھی جلد جاری کئے جائیں گے۔ رحمت اللہ یاسین زئی کاکہنا تھاکہ ان کا فورم کا مقصد ہے کہ ہر استاد سکول میں ہو جس کے لئے وہ عملی طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک تقریب کا انعقاد کریں گے جس میں اساتذہ کو آرڈز دیئے جائیں گے۔


