انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کر ر ہے ہیں، جام کمال
کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کا منانا انسانی حقوق کے فروغ کے لئے ہمارے پختہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے 1948ء سے انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا کی اقوام کی توجہ انسانی حقوق اور انسانی اقدار کے تحفظ کی طرف دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کے آغاز سے بہت پہلے ہمارے مذہب اسلام نے انسانی حقوق کی پاسداری کی تعلیم دی ہے۔ موجودہ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت قومی اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ ہم پرامن بقائے باہمی کا ایسا ماحول پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں جہاں تمام انسانوں کو برابر کا درجہ حاصل ہو اور ذات، نسل، رنگ، مذہب اور صنف کی بناء پر ان کے ساتھ امتیاز نہ برتا جائے۔ وزیراعلی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ملٹری لاک ڈاون، کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ آج کے دن تمام عالمی سرکاری، غیر سرکاری تنظیمیں، میڈیا اور سول سوسائٹی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق انسانی کے تحفظ اور ان کے حق خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وقار کی پاسداری، انسانی حقوق کا تحفظ، انسانی آزادی اور مساوات کو یقینی بنانا ہمارے مذہب اور آئین کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے، حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے بہت سے قانونی اقدامات کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔


