مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسہ کی تیاریاں مکمل، کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری
لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے اور مقدمات کے اندراج کے باوجود مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہورہا ہے۔
اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج مینار پاکستان پر ہورہا ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ جلسہ گاہ کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز آویزاں کئے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ میں قائدین کیلئے80 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں روشنی اور بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے بھی انتظامات مکمل ہوگئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری ، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان اور دیگر پی ڈی ایم رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین گزشتہ روز ہی لاہور پہنچ چکے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما ریلیوں، قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ جائیں گے۔
ملک بھر سے سیاسی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص کیا گیا ہے، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے ہے۔
جلسے کے منتظمین کی جانب سے شرکا کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سیاسی کارکن اور افراد قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، موسم کے مطابق کارکن چادر، رومال اور مفلر ساتھ رکھیں، کارکنان چھتری، پینے اور وضو کے لئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں، کارکنان مقامی قیادت سےرابطےمیں رہیں اوراپنےگروپ سے کسی صورت الگ نہ ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے پہلے مرحلے کا یہ آخری جلسہ ہے۔ اس میں تحریک کے اگلے مراحل کا اعلان کیا جائے گا۔


