وزیر اعظم کوتین ہزار میں گزارہ کرنے کا فارمولا دینے پرنوبل انعام مل سکتا ہے،سراج الحق
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کوتین ہزار میں گزارہ کرنے کا فارمولا دینے پرنوبل انعام مل سکتا ہے۔حکومت نے پہلے ہی معاشی پیکیج دینے میں بہت تاخیر کردی ہے،یہ نہ ہو کہ حکومت کی اعلان کردہ امدا د ملنے تک لوگ کورونا کی بجائے بھوک سے دم توڑنے لگیں۔ حکومت کو عالمی اداروں سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد آرہی ہے اوردرآمدی بل بھی دس ارب ڈالر کم ہونے والا ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے بھی حکومت کو فائدہ ہوا ہے،ان حالات میں حکومت کا فرض ہے کہ ستر لاکھ دیہاڑی دار مزدوروں کی دل کھول کر امداد کرے،فی گھرانہ کم از کم 15ہزار کا گزارہ الاؤنس دیا جائے،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کی جائے اور بجلی و گیس کا دوماہ کا بل معاف کیا جائے۔عوام شکایت کررہے ہیں کہ بجلی کے بلوں میں کمی کرنے کی بھی اس ماہ مزیداضافہ کردیا گیا ہے۔ حکومت کو ساتھ بیٹھنے پر اپوزیشن کی شکر گزار ہونا چاہئے تھا مگر وہ غیرسنجیدہ رویہ اپنائے ہوئے ہے۔جماعت اسلامی کے کارکن رجوع الی اللہ کی تحریک میں احتیاط اور امید کے ساتھ قوم کی خدمت کررہے ہیں۔جماعت اسلامی و الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان کی اب تک کی ریلیف کی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں،اللہ تعالیٰ کی توفیق سے اس آزمائش میں جماعت اسلامی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امراء کے اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کیا