مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار کرسمس آج منارہی ہے کوئٹہ میں محکمہ پولیس نے کرسمس کے موقع پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔محکمہ پولیس نے کرسمس کے موقع پر 24 اور 25 دسمبر کا سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔کرسمس پر شہر میں 1500 سے زائد پولیس، ایگل اسکوارڈ، آر آر جی اور اے ٹی ایف کے اہلکار تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایف سی کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر تعینات ہونگے۔شہر کے 54 چرچز کے اندر اور باہر پولیس کے اہلکار تعینات ہونے کے ساتھ موبائل گشت بھی 24 گھنٹے جاری رہے گا۔ پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی موبائل کے استعمال سے گریز اور اپنی ڈیوٹی مستعدی سے ادا کریں گے۔ شراب خانوں اور ہوئی فائرنگ پر پابندی عائد ہوگی۔ترجمان پولیس کے مطابق 24 سے 31 دسمبر تک میدانوں اور پہاڑوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ چرچز کے منتظمین کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے پابند ہونگے۔.


