کورونا، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس امن و سلامتی کے علمبردار ہیں،یونس عزیززہری

خضدار (نمائندہ خصوصی) رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، شعبہ صحت کے عملے کو سلامی دینے ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچ گئے۔ڈاکٹرز و پیرامیڈیکس کو سفید پرچم تھمایا، ان کی خدمات پر انہیں تھپکی دی اور خراج تحسین پیش کیا۔ جییوآئی کے مرکزی کونسل کے رکن و ایم پی اے میر یونس عزیز زہری جمعہ کے روز ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے ڈاکٹرز پیرامیڈیکس سمیت عملے کے دیگر اراکین کو ان کی خدمات و جانفشانی پر خراج تحسین پیش کی، ان سے دلجوئی و عقیدت کا اظہار کیا۔ انہیں سنگین مرحلہ اور وباء کی حالت میں ناقابل فراموش خدمات پیش کرنے پر سفید پرچم تھمایا۔ اس موقع پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر نصیر احمد اخوند، ڈاکٹر عبدالواحد لانگو، پیر ا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن خضدار کے صدر محمد اسماعیل زہری، سید ناصر شاہ اور جے یوآئی کے محمد عظیم و دیگر موجود تھے۔ میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا سفید پرچم امن و سلامتی کی نشانی ہے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکس امن و سلامتی کے علمبردار ہیں۔ چاہے گرمی ہو یا سردی، امن ہو یا جنگ، طوفان ہو یا باد و باران ڈاکٹرز و پیرامیڈیکس کی خدمات رکنے کا نام نہیں لیتے، مریضوں کا علاج و معالجہ و تیمارداری جاری رہتی ہے۔ آج جب پوری دنیا کی طرح پاکستانی قوم پر بھی کورونا مرض کی صورت میں جو آسیب و بیماری آئی ہوئی ہے تو ایسے موقع پر ڈاکٹرز، پیر امیڈیکس و پورے عملے کی خدمات تحسین و تعریف کے لائق ہیں ان کو حوصلہ دینے کا وقت ہے۔ ہم ان کو اس عظیم خدمت پر قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اس موقع پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال خضدار ڈاکٹر نصیر احمد، صدر پیرامیڈیکس خضدار محمد اسماعیل زہری نے رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی اور انہیں سفید جھنڈی فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے کی جانب سے ہمیں اس طرح کا حوصلہ دینا ہماری خدمات پیش کرنے میں اضافے کا سبب بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں