جنگ،جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر تحریری حکم جاری

لاہور:احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے قانون کے مطابق وارنٹ گرفتاری جاری کئے، ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ محمد علی کے قانونی وارثان نے میر شکیل الرحمان کو 22 مئی 1986 کو مختار عام دیا، دوران تفتیش اس وقت کے ڈی جی ایل ڈی اور وزیر اعلی نواز شریف کے سیکرٹری کے بیانات مزید تحقیقات کے متقاضی ہیں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نیب تفتیشی افسر پتہ لگائے کہ کیا میر شکیل الرحمان کو قانون کے مطابق ایگزمپشن پر پلاٹ کئے گئے یا نہیں، عدالتی استفسار پر ملزم کا وکیل اور تفتیشی افسر اس طرح کی ایگزمپشن کی کوئی بھی مثال پیش نہیں کر سکے، سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور نواز شریف کے سیکرٹری کے بیانات کی روشنی میں معاملہ مزید تحقیقات کا متقاضی ہے۔ تحری حکم میں کہا گیا ہے کہ میر شکیل الرحمان کو 7 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیا جاتا ہے، تفتیشی افسر انکوائری سچائی کے اصولوں پر کرے اور حقائق کو سامنے لائے،تفتیشی افسر آئندہ سماعت تک تحقیقات مکمل کرنے کیلئے سر توڑ کوشش بھی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں