شمالی بلوچستان کے لیے پیکج کا اعلان بھی ہونے والا ہے، قاسم سوری
کوئٹہ:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اصولوں کی جنگ ہے پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اب تمام جماعتیں صرف فیس سیونگ کے لئے حکومت کو بد نام کرنے کیلئے واویلا کررہی ہے اگر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو آج این آر او کی امید ہو جائے تو ان کی ساری تحریکیں ختم ہو جائیں گی ان خیالاتک اظہارانہوں نے گزشتہ روز ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ انصاف اور بنیادی سہولیات کو نچلی سطح تک پہنچایا جائے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت نے سب سے زیادہ پسماندہ صوبہ بلوچستان جسے پچھلی تمام حکومتوں نے احساس محرومی سے دو چار رکھا کے لیے میگا پراجیکٹس کر رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان کے لیے چھ سو ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ شمالی بلوچستان کے لیے پیکج کا اعلان بھی ہونے والا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا نے جہاں پوری دنیا میں تباہی مچائی اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک کی معیشتیں تباہ ہوگئیں وہیں پر وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے الحمدللہ پاکستان نے اس پر قابو پایا اور پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی معترف ہے۔ انشا اللہ کورونا کی دوسری لہر پر بھی مل کر قابو پائیں گے۔ قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ آج حکومت کی بہترین پالیسیوں کے باعث ہماری ایکسپورٹ انڈسٹری کے پاس ان کی پروڈکشن کی استطاعت سے کئی گنا زیادہ آرڈرز ہیں اور کئی دھائیوں سے بند فیکٹریاں اب دن رات چل رہی ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی مرتبہ ختم ہوا جون سے ہم نے کوئی نیا قرضہ نہیں لیا ہے اور کورونا کے باوجود ہماری معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ حکومت کی درست پالیسیوں کے باعث اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھی سمت میں گامزن ہیں اور ایران کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اسی طرح تمام اسلامی ممالک اور دیگر دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات وزیراعظم عمران خان کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے باعث بہت اچھے ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور اپوزیشن جماعتوں میں اصولوں کی جنگ ہے اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن اور لوٹ مار پر این آر او چاہتی ہیں جبکہ وزیراعظم نے ہمیشہ انصاف اور احتساب کی بات کی ہے پی ڈی ایم کے غبارے میں سے لاہور کے ناکام جلسے کے بعد ہوا نکل چکی ہے اور اب سارا کھیل فیس سیونگ کا ہے، اپوزیشن خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کبھی بھی استعفے نہیں دے گی یہ سب مل کر عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں انہیں اگر آج این آر او کی امید ہو جائے تو ان کی ساری تحریکیں ختم ہو جائیں گی، پی ڈی ایم کی سربراہی وہ لوگ کر رہے ہیں جو پارلیمانی بیروزگار ہیں انھیں عوام الیکشن میں مسترد کر چکی ہے اور یہ مسترد شدہ لیڈران اپنی اپنی کرپشن بچانے کے لیے کورونا کے دوران عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔