سانحہ ڈنک، جرم ثابت ہونے پر سمیر سبزل کو 4سال قید کی سزا
کوئٹہ(انتخاب نیوز) سانحہ ڈنک، جرم ثابت ہونے پر سمیر سبزل کو 4سال قید کی سزا تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال تربت کے علاقے ڈنک میں ایک گھر میں گھسنے والے اور فائرنگ کرکے ایک خاتون ملک ناز کو قتل جبکہ اس کی چھوٹی بیٹی برمش کو گولی سے زخمی کرنے والے واقعے کے مرکزی ملزم سمیر سبزل کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ آج عدالتی کارروائی میں ایڈیشنل جج تربت نے دفعہ E\13کے تحت جرم ثابت ہونے پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ 4سال قید کی سزا سنائی ہے۔
خیال رہے کہ سمیر سبزل کو سانحہ ڈنک میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا جس میں جرائم پیشہ افراد نے تربت کے علاقے ڈنک میں واقع گھر میں گھس کر چوری کرنے کی کوشش کی تھی، چوری کے اس کوشش کو ملک ناز نامی خاتون نے ناکام بنانے کی کوشش کی جس پر انہوں نے فائرنگ کھول دی تھی۔ فائرنگ سے ملک ناز موقع پر جاں بحق ہوئی تھیں جبکہ اس کی چھوٹی بیٹی برمش جرائم پیشہ افراد کی گولی لگنے سے زخمی ہوئی تھی جو بعدازاں صحت یاب ہوئی، اس واقعے کے خلاف بلوچستان بھر میں سیاسی وسماجی تنظیموں نے احتجاج کیا تھا اور تمام جرائم پیشہ افراد کے خلاف آواز اٹھایا تھا۔ برمش یکجہتی کمیٹی کے نام سے بلوچستان بھر میں احتجاج اور مظاہرے ہوئے۔


