کیچ میں لٹریچر فیسٹول کا انعقاد،مختلف پروگرامز کا انعقاد

تربت (نمائندہ انتخاب) کیچ لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد، منشیات، خواتین، ادب ودیگرموضوعات پر مباحثے، مشاعرہ ودیگر پروگرامات کاانعقاد، بک اسٹالز، سینڈ آرٹ،پینٹنگز کے مقابلے، کیچ لٹریچر فیسٹیول کمیٹی ڈنک کی جانب سے ڈنک گراؤنڈ میں کیچ لٹریچر فیسٹیول کاانعقادکیاگیا جس کے ابتدائی سیشن میں منشیات کے حوالے سے مباحثہ منعقد کیاگیا جس میں انسدادمنشیات کمیٹی بلیدہ زامران کے چیئرمین حاجی برکت بلیدی، انسدادمنشیات کمیٹی تحصیل تمپ کے آرگنائزر میرخلیل تگرانی، ڈرگ ری ہیبلٹیشن سینٹر کے میڈیکل انچارج ڈاکٹرافضل بلوچ،کیچ لٹریچر فیسٹیول کے منتظم عبداللہ گلاب نے حصہ لیا، پروگرام کے میزبان کریم شمبے تھے،انسدادمنشیات کمیٹی بلیدہ زامران کے چیئرمین حاجی برکت بلیدی نے کہاکہ آج ہمیں قلبی سکون واطمینان مل رہاہے کہ بلیدہ کے پرعزم نوجوانوں کی محنت وکاوشوں کی بدولت معاشرے کے دھتکارے ہوئے منشیات کے عادی نوجوان معاشرے کا مفید شہری بن کر اپناسماجی کردارنبھارہے ہیں، بلیدہ زامران میں منشیات کے خلاف جاری عوامی بیداری کی تحریک نوجوانوں کی مرہون منت ہے اور اس تحریک کاکریڈٹ ان خواتین کوجاتاہے جنہوں نے سب سے پہلے منشیات کے خلاف مزاحمت کرکے الندورمیں منشیات کے اڈوں کارخ کیا، انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ20،30سال کے اس گند کو محض چند ہفتوں میں ختم نہیں کیاجاسکتا مگر ہمارے نوجوان رضاکار پرعزم ہیں اورجہد مسلسل کے ذریعے انشاء اللہ بہترنتائج کی امیدہے، انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے بلیدہ زامران کے سینکڑوں منشیات کے عادی افراد کا کراچی، کوئٹہ، تربت اوربلیدہ میں علاج کرایا ہے جن کی اکثریت آج اپنا کام کاج اورمحنت کرکے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں اورمعاشرے کے مفید شہری بن چکے ہیں، انہوں نے اس امرپر افسوس کااظہارکیا کہ بارڈر پر جائز کاروبارپرقدغنیں لگائی گئی ہیں اور30لاکھ سے زائد لوگ جو اس کاروبارسے بالواسطہ یابلاواسطہ وابستہ تھے انہیں بے روزگارکردیاگیا ہے بارڈر پر کاروبار غیرقانونی اور اسمگلنگ قراردی جاتی ہے مگر منشیات جو افغانستان سے یہاں باآسانی آتاہے شاید یہ قانونی ہے، انسدادمنشیات کمیٹی تحصیل تمپ کے چیئرمین میرخلیل تگرانی نے کہاکہ بلیدہ کی عوامی تحریک سے متاثرہوکر ہم نے تحصیل تمپ کی سطح پرمنشیات کے خلاف باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی کی کاوشوں سے ایف سی کے تعاون سے 40بستروں پرمشتمل منشیات بحالی سینٹر قائم کردی گئی ہے جس کا گزشتہ دنوں باقاعدہ افتتاح ہوگیاہے، اس عوامی بیداری مہم میں معاشرے کے تمام طبقات کاتعاون ہمیں حاصل ہے، ڈاکٹرافضل بلوچ نے کہاکہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کی کئی ایک نفسیاتی ودیگر وجوہات ہوسکتی ہیں مگر سب سے بڑی وجہ منشیات کی آسانی سے ہرجگہ دستیابی ہے انہوں نے کہاکہ جوفرد نشہ میں مبتلاہوتاہے صرف وہ متاثرنہیں ہوتا بلکہ اس سے اس کاپورا گھر،خاندان اورمعاشرہ متاثرہوتاہے،منشیات کے تدارک اورروک تھام کیلئے سول سوسائٹی کارول انتہائی اہم ہے، پروگرام کے آرگنائزر عبداللہ گلاب نے منشیات کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہاکہ منشیات جیسی ناسورکے خاتمہ کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردارنبھانا ہوگا، قبل ازیں بی این پی عوامی کے مرکزی سنیئرنائب صدر، سابق صوبائی وزیر میر اصغررند اور ایس ایس پی کیچ نجیب پندرانی نے بھی خطاب کیا، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض یلان زامرانی نے سرانجام دئیے، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹرعبدالصبوربلوچ، آل پارٹیزکیچ کے کنوینر غلام یاسین بلوچ، پی این پی عوامی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری خان محمدجان، معروف شخصیت نواب شمبے زئی،بی ایس اوکے چیئرمین ظریف رند، کیچ سول سوسائٹی کے التازسخی، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزاردوست، میران حیات، بجار بلوچ ودیگر شخصیات بھی موجودتھے،فیسٹیول میں کتابوں کے اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں کراچی، کوئٹہ، لاہور کی معروف پبلشرز کی کتابیں رعایتی نرخوں پردستیاب تھیں، پینٹنگز اور سینڈ آرٹ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جبکہ مشاعرہ اور میوزیکل پروگرام بھی منعقدکئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں