تمام ادارے اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کریں‘ نیب صرف ایک مہرہ ہے‘ پیسے لینے کی ویڈیو انکے اپنے لوگوں کی ہے،مولانا فضل الرحمان

حیدرآباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے لینے کی ویڈیو ان کے اپنے لوگوں کی ہے۔ جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے لینے کی ویڈیو ان کے اپنے لوگوں کی ہے، حکومت اپنا گند دوسروں پر نہ ڈالے، تمام ادارے اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیب صرف ایک مہرہ ہے، ماضی کے مقابلے میں کرپشن میں اضافہ ہوا، یہ سرکار بدکردار، بداخلاق اور ظالم بھی ہے،حکومت نے سرکاری ملازمین کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا، نااہل اور نالائق حکومت کو ملازمین سے بات کرنی چاہیے تھی۔پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے تحریک جدوجہد کے تسلسل کا نام ہے، ہم اقدام مارچکریں گے، ضروری نہیں کہ نتائج پر پہنچ سکیں، پھر دوسرا اور تیسرا اقدام کریں گے،تمام ادارے قوم اور ملک کے خادم ہیں ہم انہیں سیاست میں نہیں گھسیٹ رہے ہم کہہ رہے ہیں کہ بیرکوں میں جائیں، ہر ادارہ، اس کے لوگ، افسران و ذمہ داران ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں، بدھ کوحیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)نے کہا کہ جدو جہد جاری رہے گی، عوام اس ظالمانہ نظام کے خلاف اپنا علم بغاوت بلند رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب)کو اپوزیشن کے خلاف انتقامی انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خود حکومتی جماعت کے اندر سے احتساب کی آوازیں بلند ہورہی ہیں لیکن انہیں نہیں سنا جارہا، ان کے احتساب کے عمل کو مؤخر کیا جارہا ہے، تاخیری حربے استعمال ہورہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ صرف اپوزیشن کے خلاف احتساب کے معنی یہ ہے کہ نیب اس سرکار کا ایک مہرہ ہے اس سرکار، کرپٹ حکومت کا مہرہ ہے جو صرف حکومتی مخالفین کے خلاف استعمال ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں