بلوچستان کے معدنی وسائل اور عوامی حقوق کی حفاظت کا مقدمہ جے یو آئی نے لڑا اور اسے سرخروئی کے ساتھ جیتا، مولانا واسع
کوئٹہ(این این آئی)جے یو آئی بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے کی پوری سیاسی تاریخ اس حقیقت کی شاہد ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق، وسائل کے تحفظ اور حقیقی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کی ہے۔ جے یو آئی نے اپنی طویل عوامی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ان مصنوعی سیاسی قوتوں اور کٹھ پتلی قیادتوں کو دفن کر دیا جو وقتی مفادات کے لئے ابھرے اور غائب ہوگئے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قیادت وہی حقیقی ہوتی ہے جو عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھے اور عملی میدان میں ان کے لئے قربانیاں دے۔ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ یہی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی اپنے اسی اصولی مو¿قف پر قائم ہے۔ مائینز اینڈ منرل بل کے حوالے سے جے یو آئی پر الزامات لگانے والے آج یہ ماننے پر مجبور ہیں کہ صوبے کے معدنی وسائل اور عوامی حقوق کی حفاظت کا مقدمہ جے یو آئی نے ہی لڑا اور اسے سرخروئی کے ساتھ جیتا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق اور وسائل کے تحفظ کی جنگ میں جمعیت نے ہمیشہ بھاری سیاسی قیمت ادا کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقتدار کے ایوانوں سے دور رکھا گیا، لیکن یہ دوری ہمارے لئے باعثِ ندامت نہیں بلکہ باعثِ فخر ہے، کیونکہ اقتدار جے یو آئی کا مقصد کبھی نہیں رہا۔ قتدار کی قیمت عوامی حقوق پر سمجھوتہ ہو تو ایسے اقتدار کو جے یو آئی کے نزدیک کوڑی کے برابر بھی حیثیت حاصل نہیں۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی نے ہر دور میں عوامی اعتماد کو مقدم جانا ہے اور مستقبل میں بھی عوامی اعتماد کو کسی صورت مجروح نہیں ہونے دے گی۔ یہ الگ بات ہے کہ اقتدار کسی اور کو دیا گیا، لیکن عوام کا دل و جان سے اعتماد آج بھی جے یو آئی پر ہے اور رہے گا۔ ہم اس اعتماد کے امانت دار ہیں اور عوامی بھروسے کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی ایک خالص عوامی اور نظریاتی جماعت ہے۔ ہماری سیاست کا سرچشمہ عوام ہیں، ہمارا جواب عوام کو ہے اور ہماری طاقت بھی عوام ہی ہیں۔ عوامی مسائل کے حل، صوبے کے وسائل کے تحفظ اور قومی حقوق کے لئے ہماری مزاحمت پہاڑ کی مانند ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ان شاءاللہ مستقبل میں بھی عوامی حقوق اور صوبے کی بقا کے لئے ہماری جدوجہد اسی جرات مندی اور استقامت کے ساتھ جاری رہے گی


