کوئٹہ سمیت سرحدی اضلاع میں ہلکی، گوادر اور دیگر ساحلی علاقوں میں تیز ہواﺅں کیساتھ موسلا دھار بارش
کوئٹہ، گوادر (انتخاب نیوز، بیورو رپورٹ) کوئٹہ اور چمن سمیت بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ کوژک ٹاپ، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، ژڑہ بند، توبہ اچکزئی، خواجہ عمران رینج میں بھی بارش کے باعث سردی بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سبب بننے والا مغربی ہواو¿ں کا سسٹم بلوچستان میں موجود ہے، کوژک ٹاپ سمیت مختلف شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دوسری جانب گوادر کے ساحلی علاقوں جیوانی، دو بیست پچاس، کلاتک، پنیری، پشکان سمیت گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ تیز ہواﺅں کے باعث بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور میونسپل ادارے تیار ہیں۔ مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد محتاط رہیں۔


