گرفتاریاں قابل مذمت، حکومت صوبے کے ڈھائی لاکھ سے زائد ملازمین کو دیوار سے لگانے پر تلی ہوئی ہے، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن

کوئٹہ(این این آئی) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے ڈھائی لاکھ سے زائد ملازمین کو دیوار سے لگانے پر تلی ہوئی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے اساتذہ کرام اور دیگر سرکاری ملازمین کو گرفتار کر کے جیلوں میں قید کیا گیا ہے، جو کہ ایک انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ گرینڈ الائنس کے مرکزی قائدین کے گھروں پر کوئٹہ میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس سے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ درجنوں پروفیسر صاحبان کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ان تمام غیر انسانی، غیر قانونی اور ملازمین دشمن اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام گرفتار ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور گرینڈ الائنس کے قائدین کو مذاکرات کے لیے طلب کیا جائے۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاو¿نس سمیت دیگر جائز مطالبات کے نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ مطالبات کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی تاخیر کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں