بلوچستان گرینڈ الائنس کے گرفتار ملازمین کو رہا کیا جائے،پشتونخوامیپ

قلعہ سیف اللہ(یو این اے)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری کے زروزور کے انتخابات کے ذریعے مسلط کردہ ناجائز حکومت نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پرامن اور حق پر مبنی آوازوں کو دبانے کا وطیرہ اپنا رکھا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے ملازمین اپنے جائز اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کر رہے تھے، مگر اس کے باوجود انہیں گرفتار کر کے مچھ جیل منتقل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اظہارِ رائے اور پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جس پر قدغن لگانا آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال حالات کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، گرفتار ملازمین کو فی الفور اور بلا شرط رہا کرے اور ان کے مسائل کا سنجیدگی سے حل نکالے۔بیان کے آخر میںکہا گیا ہے کہ اگر ملازمین کے ساتھ یہ ظالمانہ رویہ بند نہ کیا گیا اور ان کے حقوق تسلیم نہ کیے گئے تو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان گرینڈ الائنس کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ہر آئینی، جمہوری اور عوامی احتجاج میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں