یو ایس ایس ابراہم لنکن ایران کے قریب موجود ہے، امریکہ نے جیرالڈ آرفورڈ بھی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ کردیا، رپورٹ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) بی بی سی ویریفائی نے سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘ ایران کے قریب موجود ہے۔ واشنگٹن مذاکرات کے ساتھ ساتھ ایران پر اس کے نیوکلیئر پروگرام اور حالیہ احتجاجی مظاہروں کے خلاف خونریز کریک ڈاﺅن کے حوالے سے دباﺅ بڑھا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی اور ایرانی حکام منگل کو سوئٹزر لینڈ میں مذاکرات کے دوسرے دور میں بات چیت کا آغاز کریں گے۔ ایران کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ میں ہونے ہونے اس اجلاس میں ایران کے جوہری پروگرام اور ملک پر عائد امریکی اقتصادی پابندیوں کے ممکنہ خاتمے پر بات ہو گی، جبکہ واشنگٹن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ان مذاکرات میں دیگر معاملات بھی زیرِ بحث لانا چاہتا ہے۔ ابراہم لنکن، تین گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز، 90 طیاروں بشمول ایف-35 فائٹرز جیٹس اور 5,680 اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ اگرچہ یہ جہاز جنوری کے آخر میں خلیجی خطے میں تعینات کیا گیا تھا، تاہم اب تک سامنے آنے والی سیٹلائٹ تصاویر میں یہ نظر نہیں آ رہا تھا۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اب یہ جہاز عمان کے ساحل کے قریب اور ایران سے تقریباً 700 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ امریکہ نے دنیا کے سب سے بڑے جنگی جہاز ’یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ‘ کو بھی مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ کیا ہے، جو آئندہ تین ہفتوں میں اس خطے میں پہنچ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں