اسرائیلی جنگ کے باعث خطے میں تاریخی تباہی ہوئی، غزہ کی تعمیر نو کیلئے 71.4 ارب ڈالر درکار ہوں گے، اقوام متحدہ
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے مجموعی طور پر 71.4 ارب ڈالر درکار ہوں گے، جبکہ اسرائیلی جنگ کے باعث خطے میں ہونے والی تباہی کو تاریخ کی غیر معمولی تباہی قرار دیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں نے غزہ میں انسانی جانوں کے بھاری نقصان کے ساتھ ساتھ بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں، اسپتالوں، پانی اور بجلی کے نظام، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صرف ابتدائی بحالی کے لیے آئندہ 18 ماہ کے دوران تقریباً 26 ارب ڈالر درکار ہوں گے تاکہ بنیادی ضروریات کو جزوی طور پر بحال کیا جا سکے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے اثرات کے نتیجے میں غزہ کی تقریباً 60 فیصد آبادی اپنے گھروں سے محروم ہو چکی ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر عارضی کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔


