گوادر کنٹانی میں کوسٹ گارڈز کی مبینہ فائرنگ کا واقعہ، ہدایت الرحمن اور ڈاکٹر مالک کا اسمبلی سے احتجاجاً واک آﺅٹ
کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایوان اور عوام کی خواہش پر شیخ زید ہسپتال کی مشینری کی منتقلی روک دی گئی ہے ،بی آئی سی وی ڈی کے لیے مشینری ایئر لفٹ کر وا رہے ہیں جبکہ کنٹانی میں فائرنگ سے مزدوروں کے جاںبحق ہونے پر مولانا ہدایت الرحمن اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا واک آﺅٹ ، اسمبلی کا اجلاس کورم کی نشاندہی پر ملتوی کردیا گیا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو ایک گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس کے دوران اسپیکر نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں شیخ زید ہسپتال کی مشینری منتقلی کی کوشش پر ایوان میںارکان نے معاملہ اٹھا یا تھا جس پر محکمہ صحت حکام نے جواب دیا ہے کہ یہ اقدام بلوچستان حکومت کی ہدایات پر کیا گیا ہے لہذا وزیر اعلیٰ ایوان کو اس حوالے سے آگاہ کریں جس پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش پر این آئی سی وی ڈی کی طرز پر امراض قلب کا ادارہ بی آئی سی وی ڈی بنانے جارہے ہیں اس ادارے کی مشینری ایران جنگ کی وجہ سے بیرون ملک سے آمد کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ میں موجود مشینری کو استعمال میں لاتے ہوئے اس مشینری کو منتقل کیا جارہا تھا تاکہ ادارے کو فعال کیا جاسکے لیکن نامکمل معلومات کی بناءپر احتجاج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والی مشینری کو ائیر لفٹ کرو ا رہے ہیں جو چند روز میں پہنچ جائے گی اگر عوام اور ایوان نہیں چاہتے تو ہم مشینری کو منتقل نہیں کریں گے جہاں عوام نے اتنا سہا ہے کچھ دن مزید سہہ لیں گے ۔ اجلاس میں وفقہ سوالات کے دوران اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے انکے سوالات کے نامکمل یا پھر غلط جوابات دئےے ہیں ۔ نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ایک سال میں محکموں کے دو سے تین سیکرٹریز تبدیل کیے جاتے ہیں اس پر توجہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے ہم نے چند ایک محکموں کے علاوہ زیادہ ترسیکرٹریز کے تبادلے نہیں کیے ہیں تاکہ وہ تسلسل کے ساتھ کام کر سکیں انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا اختیار ہے وہ کس آفیسر کو کہاں تعینات کرے ۔ اس موقع پر اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دی کہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی تحریری طور پر یقین دہانی کروائے کہ موجودہ تعینا ت شدھ افسران کے علاوہ مستقبل میں مدت سے زیادہ تعیناتی نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی رکن کے سوالات کے جوابات مناسب اور بروقت نہیں دیے جاتے تو رکن تحریک استحقاق لیکر آئیں ۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ لائیوسٹاک اور زراعت کے محکموں میں تنخواہوں کے علاوہ کچھ نہیں رکھا گیا ہے تربت لائیوسٹاک میں بہترین ہوا کرتا تھا اب وہاں ویکسین نہیں ہے اور کولڈ چین نہ ہونے کی وجہ سے ویکسین ایکسپائر ہوجاتی ہے ۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں تھیلسمیا کے کیسز بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں شادی سے قبل تھلیسیما کے ٹیسٹ لازم قرار دئےے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹانی میں کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے مزدور وں کے جاں بحق ہونے کی مذمت کرتے ہیں بارڈر ٹریڈ ہمارا حق ہے اور یہ اسمگلنگ نہیں ہے ۔ اسپیکر نے رولنگ دی کہ آئندہ اجلاس میں محکمہ لائیوسٹاک سے متعلق سوالات ایجنڈے میں شامل کیے جائیں ۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ قلات اور سوراب کے درمیان این 25شاہراہ بننے سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور جگہ جگہ سے بیٹھ گئی ہے اس پر این ایچ اے حکام کو طلب کیا جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے این ایچ اے حکام کو طلب کرلیا ۔ جمعیت علما ءاسلام کے رکن میر زابد علی ریکی نے کہا کہ خاران میں بد امنی، چوری ڈکیتی ، اغواءعام ہے ہماری جماعت کے رہنما اقبال ساسولی کو گزشتہ روز قتل کردیا گیا ، اس سے قبل گھروں میں بھی چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں اسکا نوٹس لیا جائے ۔ جس پر صوبائی وزیر میر ظہوربلیدی نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا ہے حکومت رٹ کی بحالی اور جرائم کو قابو کر نے کے لئے وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ جمعیت علما ءاسلام کے رکن سید ظفر آغانے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ اےئر پورٹ روڈ پر ٹریفک نظام کو بہتر کیا جائے ، پشین میں ہسپتال کو مکمل بحال صفائی کا نظام بہتر بنا یا جائے ۔پارلیمانی سیکرٹری صمد گورگیج نے کہا کہ اسمنگلی روڈ اور مغربی بائی پاس کی تعمیر التواءکا شکار ہے اسے مکمل کیا جائے ، نیشنل پارٹی کے رکن خیر جان بلوچ نے کہا کہ ایم 8شاہراہ 10سال سے عدم تکمیل کا شکار ہے اسے مکمل کیا جائے ، حق دو تحریک کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے پوائنٹ آف آرڈر پر گوادر کے علاقے کنٹانی میں فائرنگ سے مزدورں کے جاں بحق ہونے پر شدید احتجاج کیا اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن اور ڈاکٹر عبدالما لک بلوچ نے ایوان سے واک آﺅٹ کیا بعدازاں کورم کی نشاندہی پر اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی سہ پہر تک ملتوی کردیا گیا ۔


