امریکی صدر بیجنگ پہنچ گئے، ٹرمپ کا ریڈ کارپٹ استقبال، دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے متوقع
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کے لیے بیجنگ پہنچ گئے۔ امریکی صدر کا طیارہ ایئرفورس ون بدھ کی شب بیجنگ میں لینڈ ہوا، جہاں اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ صدر ٹرمپ کے لیے خصوصی طور پر ریڈ کارپٹ بچھایا گیا اور بچوں نے امریکی صدرکو پھول پیش کیے۔ یہ تقریباً ایک دہائی بعد کسی امریکی صدر کا دورہ چین ہے جو ایران جنگ کی وجہ سے مو¿خر ہوگیا تھا۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے اس تین روزہ دورے کو دونوں ملکوں کے تعلقات، عالمی سیاست اور معیشت کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 میں اپنے پہلے دورِ صدارت میں بھی چین کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی موجودگی میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان ریکارڈ 253.5 ارب ڈالر مالیت کے 34 سے زائد تجارتی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔ تجارتی حجم کے لحاظ سے یہ عالمی تاریخ کے سب سے بڑے تجارتی پیکجز میں سے ایک تھا۔


