کوئٹہ، سوراب، قلعہ عبداللہ میں فائرنگ، قلات میں ٹریفک حادثہ، 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے، ریسکیو ذرائع
کوئٹہ، قلات، سوراب، قلعہ عبداللہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ سریاب روڈ پر واقع صدام ریلوے کراسنگ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے نجی اسکول کے مالک سہیل احمد بلگھانی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر قلات کے علاقے سورو کے مقام پر تیز رفتار موٹر سائیکل کو پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے۔ سرکاری پولیس ذرائع کے مطابق، سورو کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کنارے گر گئی، جس کے باعث اس پر سوار دونوں افراد شدید متاثر ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو الیون ٹو ٹو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کو ریسکیو ٹیم نے انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلات پہنچا دیا۔ دوسری جانب حادثے میں موقع پر دم توڑ جانے والے جاں بحق شخص کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور ورثا کے حوالے کرنے کے لیے خالق آباد منگچر پولیس کی نگرانی میں رورل ہیلتھ سینٹر مندے حاجی منتقل کیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں سوراب میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے قاتلانہ حملے اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص محمد اسماعیل ریکی شدید طور پر زخمی ہوگیا، ذرائع کے مطابق، افسوسناک واقعہ سوراب کے علاقے کلی سرخ میں پیش آیا جہاں پہلے سے لگائے بیٹھے نامعلوم حملہ آوروں نے محمد اسماعیل ریکی کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایک اور واقعے میں قلعہ عبداللہ میزئی اڈہ صدر تھانہ کی حدود کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ میزئی اڈہ کے مصروف علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت احمد اللہ ولد میر احمد سکنہ افغانستان سے ہوئی، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ایک شخص حمید اللہ ولد حاجی فدا محمد قوم کاکوزئی کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فورا ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


