اسلام آباد اور تہران کے درمیان سفارتی رابطے تیز، وزیر داخلہ محسن نقوی ایک ہفتے میں دوسری بار ایران پہنچ گئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک ہفتے میں دوسری بار ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ اسلام آباد اور تہران کے درمیان سفارتی رابطے تیز ہوگئے، وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے دورے میں امریکا ایران مذاکرات اور خطے کی بدلتی صورتحال پر ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ ایک ہفتے کے دوران محسن نقوی کا دوسرا دورہ ایران ہے، جسے خطے میں جاری کشیدگی اور امریکا ایران رابطوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی ایرانی قیادت کے ساتھ امریکا ایران مذاکرات، خطے کی سیکورٹی صورتحال اور ممکنہ سفارتی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے، تاہم ان کے موجودہ دورے کا باقاعدہ ایجنڈا تاحال سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل اپنے حالیہ دورہ تہران میں محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیاں سے طویل ملاقات کی تھی، جو تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں