ڈی سی مستونگ کی زیر صدارت جامعہ بلوچستان سراوان کیمپس کا مذاکراتی اجلاس، فیس جمع نہ کروانے والے طلبہ کیلئے بھی لیپ ٹاپ جاری کرنے پر آمادگی

مستونگ (ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم بلوچ کی زیر صدارت جامعہ بلوچستان سراوان سب کیمپس کے مسائل اورگزشتہ روز طلباءتنظیموں کی جانب سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کی بندش پر ایک اہم مذاکراتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مستونگ سب کیمپس کے ڈائریکٹر محمد اقبال ترین، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عدنان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد افضل سرپرہ، اسسٹنٹ کمشنر دشت اسد اللہ سمالانی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈاکٹر فیصل منان آبیزئی، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر میر سکندر خان ملازئی، میر امان اللہ محمد حسنی، صدر پریس کلب فیض جان درانی، سمیع خان، کیمپس کے طلباءرہنماﺅں سمیت دیگر نے شرکت کیا۔ اجلاس کے آغاز میں طلباءتنظیموں کے نمائندوں نے اپنے احتجاج اور شاہراہ کی بندش کے حوالے سے ایجنڈا پوائنٹس شرکاءکے سامنے تفصیلی طور پر رکھے۔ طلباءکی جانب سے سیشن 2021-25 کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کے اجرا، بی ایڈ 2.5 اور بی ایڈ 1.5 پروگرام کے طلبہ کے لیے بیف اسکالر شپ کی فراہمی، جبکہ فیس جمع نہ کروانے والے طلبہ کے لیے بھی لیپ ٹاپ جاری کرنے سمیت مختلف مطالبات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سب کیمپس مستونگ محمد اقبال ترین نے طلباءکے تمام مطالبات کو پوائنٹ وائز سنا اور موجودہ شواہد، قواعد و ضوابط اور حقائق کی روشنی میں تفصیلی وضاحت پیش کی۔ انہوں نے اپنے دلائل کے ذریعے تمام مطالبات کو حقائق کے منافی ثابت کر دیا،جس پر اجلاس کے بیشتر شرکاءنے ان کے موقف سے اتفاق کیا۔ طلباءرہنماﺅں نے بھی بعد ازاں اس بات کا اعتراف کیا کہ بعض مطالبات اور شاہراہ کی بندش کا اقدام مناسب بنیادوں پر نہیں تھا، تاہم انہوں نے بحالت مجبوری احتجاج کیا تھا اور انہوں نے انتظامیہ، سیاسی رہنماﺅں اور دیگر شرکاءکے سامنے اس پر افسوس کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ڈائریکٹر سب کیمپس مستونگ محمد اقبال نے اعلیٰ حکام کی ہدایات کی روشنی میں مناسب رعایت دیتے ہوئے فیس جمع نہ کروانے والے بعض طلبہ کے لیے بھی لیپ ٹاپ جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جسے طلباءنے خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر مستونگ کی دعوت پر ڈائریکٹر سب کیمپس مستونگ نے بی ایس ڈی آئی بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت منعقدہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سب کیمپس نے مستونگ کیمپس کو درپیش انفرا اسٹرکچر اور آپریشنل مسائل سے اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ نے کیمپس کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر چار واش بلاکس، جن میں دو طلباءاور دو طالبات کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ چار نئے کلاس رومز کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاءنے مستونگ کیمپس کی ترقی، تعلیمی بہتری اور طلبہ کو انتہائی محدود وسائل میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر ڈائریکٹر سب کیمپس مستونگ اقبال ترین کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی مزید ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں