بلوچستان کوامن وترقی دینے کے بجائے طاقت و بارود کے استعمال سے حالات مزید خراب ہورہے ہیں، مولانا ہدایت الرحمن

گوادر (ویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ میرے کزن کے بیٹے سراج ولد حاصل سکنہ پسنی کو لاپتہ کرنے کے بعد اس کی لاش پھینک کر مجھے بطور سیاسی کارکن واضح پیغام دیا گیا ہے ان حرکتوں سے بلوچستان جل رہا ہے لیکن اس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کے بجائے مزید تیل چھڑکا جارہا ہے۔ ظلم وجبراورخوف کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ نفرت وبے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت وادارے بلوچستان کوامن وترقی دینے کے بجائے زورزبردستی طاقت ڈنڈے و بارود کا استعمال کرکے حالات مزید خراب کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر وپسنی میں وفود سے ملاقات وتقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے عمانی گرانٹ اسپتال پسنی کا دورہ کیا۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے سہولیات اور مریضوں کے مسائل کا جائزہ لیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ سمیت اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جاکر مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اسپتال کے عملے کی حاضری کا بھی مشاہدہ کیا اور طبی خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فرداً فرداً گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز سنی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے یقین دلایا کہ صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں