ایرانی تیل کے کاروبار کی بندش، کیچ ٹینکرز ایسوسی ایشن کی احتجاج کی دھمکی
تربت (نمائندہ انتخاب) کیچ ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ یکم مارچ تک ایرانی بارڈر سے25کلومیٹر تک ٹینکرز کو کاروبارکی اجازت نہ دی گئی تومجبوراً سی پیک شاہراہ بلاک کریں گے، تادم مرگ بھوک ہڑتال کا آپشن بھی زیرغورہے، آل پارٹیز، انجمن تاجران اورپی ڈی ایم کی مشاورت سے آئندہ سخت لائحہ عمل طے کیاجائے گا ان خیالات کااظہار کیچ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنما محمداسلم شمبے زئی، صدر غلام جان شمبے زئی، نائب صدرمیر شہداد دشتی، جنرل سیکرٹری نوراحمدشاہ مرادزئی،حاجی منیراحمدبزنجو نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کیچ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنماعبدالرؤف عمر شاہ مرادزئی، عبداللطیف، کفایت اللہ،عبدالستار ودیگر بھی موجودتھے،انہوں نے کہاکہ بارڈر پر ٹینکرز کے کاروبارکی بندش سے سینکڑوں ٹینکر مالکان اور ان کا عملہ ایک طرف نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں دوسری طرف ان کے بچوں کی تعلیم متاثرہورہی ہے اور وہ اپنی گاڑیوں کی قسطیں جمع کرانے کے متحمل نہیں ہورہے ہیں جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ اورپریشانیوں کا شکارہیں جس پر کیچ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں شدید تشویش کااظہارکیاگیا اور اس امرپر اتفاق کیاگیاکہ ہماری فریاد سننے والا کوئی نہیں، ہم نے متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں کے سامنے اپنی فریاد رکھی ہے مگرکوئی نتیجہ برآمدنہیں ہورہاہے، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے ساتھ گزشتہ ماہ21جنوری کے جرگہ میں اپنی بات رکھی اورانہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ بارڈر سے 25کلومیٹر اندر کی طرف ٹینکرز کوکاروبار اورتیل کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی اور کسی کوناجائز تنگ نہیں کیاجائے گا مگر ایک ماہ گزرنے کے باوجود تاحال اس پرکوئی پیش رفت نظرنہیں آرہی ہے،کمشنرمکران، ڈی سی کیچ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں،سیکٹرکمانڈرسے بھی ملے ہیں، ایم پی اے لالہ رشیددشتی سے ملاقات کی ہے، ایم پی اے سیداحسان شاہ تک میر غفوربزنجوکے توسط سے اپنی فریادپہنچائی ہے مگر ہمیں کہیں سے بھی کوئی مثبت جواب نہیں مل رہاہے اس لئے اب ہم نے سخت احتجاج کافیصلہ کیاہے، ہم کوئی ناجائز اور غلط مطالبہ نہیں کررہے ہیں ہمیں صرف بارڈرسے تربت شہر تک کاروبارکی اجازت دی جائے، اس سلسلے میں ہم یکم مارچ تک انتظارکریں گے اگرپھر بھی ہمیں مایوسی وناامیدی کاسامنا کرنا پڑااورکوئی مثبت اور حوصلہ افزاء جواب نہیں ملا توہم سے جوکچھ بن پائے گاہم کریں گے، سی پیک شاہراہ بلاک کریں گے،بھوک ہڑتالی کیمپ لگائیں گے اوراحتجاج کے تمام ترجمہوری ذرائع اختیارکریں گے۔


