محکمہ صحت میں غیر متعلقہ عناصر ڈاکٹر کمیونٹی کیخلاف جاری غیر قانونی کاروائیوں کا سبب بن رہے ہیں،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان
کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر احمد عباس اور ترجمان ڈاکٹر علی حیدر نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ محکمہ صحت میں موجود غیر متعلقہ عناصر ڈاکٹر کمیونٹی کیخلاف جاری غیر قانونی کاروائیوں کا سبب بن رہے ہیں پچھلے دنوں ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے نیوروسرجن کو بنا کسی تحقیقات کے ٹرمینیٹ کرنا ڈاکٹر کمیونٹی کی تضحیک ہے جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائیگا ڈاکٹر کمیونٹی کو جہاں ایک طرف ایڈہاک اور کنٹریکٹ کے نام پہ پورے صوبے میں تضحیک کا سامنا ہے وہاں ایڈہاک و کنٹریکٹ پر تعینات ڈاکٹروں کو روزانہ کی بنیاد پر بغیر کسی ایکسپلینیشن و انکوائری کے ٹرمینیٹ کردیا جاتا ہے ڈاکٹر کمیونٹی کیساتھ اس نفرت آمیز رویے اور زیادتی کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے بیان میں وزیر اعلی بلوچستان اور صوبائی سیکریٹری صحت سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹروں کیخلاف جاری ان غیر قانونی و غیر اخلاقی کارروائیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ نیوروسرجن کے ٹرمینیشن آرڈرز واپس لئے جائیں اور ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر کو مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں۔


