عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے چاہئیں، نعیم بازئی
کوئٹہ: صوبائی مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی نے کہا ہے کہ وہ علاقے میں ترقی و خوشحالی کی خاطر گھر گھر گلی گلی جا کر عوام کے مسائل پوچھتے ہیں، باچاخان کے پیروکار ہونے کے ناطے عوام کے بنیادی حقوق کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اں خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلی نوحصار میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک نعیم خان بازئی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو اور علاقہ ترقی کی راہ پرگامزن ہو۔ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت گھر گھر گلی گلی جا کر عوام کے مسائل پوچھتے ہیں اور عوامی اجتماعی مفادات کے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں اور انتخابات سے قبل کئے گئے تمام وعدے پورا کررہاہوں اور آج کے جلسے میں عوام کی والہانہ استقبال نے ثابت کردیا ہے کہ حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے علاقے کی حالت تبدیل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ باچاخان کے پیروکار ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ عوام کا کوئی اور ہمدرد پارٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عوامی سوچ کے مالک ہیں وہ بلاامتیاز تمام ضلع میں یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں، صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں جانب راغب کرنے کے لئے صوبائی حکومت موثر اقدامات اٹھارہی ہے۔ اس سے قبل لال جان بلوچ، ارباب غلام کاسی، شمس ایڈووکیٹ، منظور بازئی، اسحاق اچکزئی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


