پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، زبیدہ جلال

اسلام آباد/کوئٹہ :وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ کورونا ء وبا کے دوران اور ماہ رمضان میں مستحق لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کی یہ امداد دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، بلوچستان کے تقریبا ایک لاکھ چوبیس ہزار سے زائد افراد اس امدادی سامان سے مستفید ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواب بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔اس سے پہلے شاہ سلمان فلاحی امدادی ادارے کی طرف سے اسلام آباد میں بلوچستان کے مستحق گھرانوں کیلئے پندرہ کروڑ چھپن لاکھ روپے مالیت کے بیس ہزار ساتھ سو راشن کے تھیلے دینے کی تقریب ہوئی۔ شاہ سلمان امدادی ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد العثمانی نے کہا کہ ماہ رمضان میں صوبہ بلوچستان کے تقریبا ایک لاکھ چوبیس ہزار سے زائد افراد اس امدادی سامان سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ راشن کے ایک تھیلے میں بیس کلو آٹا، پانچ کلو چاول، پانچ لیٹر کوکنگ آئل،دو کلو بیسن،دو کلو کھجور،پانچ کلو چینی، ایک کلو چائے کی پتی اور شربت کی بوتلیں شامل ہیں۔ تقریب سے دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی خطاب کیا۔ یہ امدادی راشن این ڈی ایم اے، مقامی انتظامیہ اور ایس ڈی او کے تعاون سے بلوچستان کے دس اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔ ان اضلاع میں دکی، چاغی، واشک، پنجگور،نصیر آباد،خاران، صحبت پور،سبی اور لورالائی شامل ہیں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواب بن سعید المالکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیساتھ سعودی عوام گہری الفت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کیدرمیان آزمودہ تاریخی دوستی ہے۔ سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے یہ رمضان پیکچ بلوچستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں