ملک میں 4گھنٹے تک سوشل میڈیا بند،شیخ رشیدنے معافی مانگ لی

اسلام آباد(انتخاب نیوز)ملک بھر میں 4 گھنٹے تک بند رہنے کے بعد سوشل میڈیا بحال کردیا گیا۔ حکومت نے 11 سے 3 بجے تک ملک میں سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹس بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔فیس بک، واٹس ایپ، یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹیلی گرام، ٹک ٹاک سروسز کچھ دیر کے لئے معطل کی گئیں، اور تمام سوشل میڈیا سائٹس سہ پہر 3 بجے کے بعد دوبارہ کھولی گئیں۔حکومت کو نمازجمعہ کے بعد ٹی ایل پی کے کارکنوں کے احتجاج کا خدشہ تھا، جس پر وزارت داخلہ نے 11 سے 3 بجے تک سوشل میڈیا بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے، اور پی ٹی اے کو ٹویٹر، فیس بک، واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئیں۔دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملک بھر میں سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوئی۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے ملک بھر میں 3 گھنٹے کے لیے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا بند کیا کیوں کہ ان کی کال ایسی تھی کہ شاید یہ جمعہ کی نماز کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم آئندہ سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے، آج سوشل میڈیا بند کرنے سے پورے ملک میں جمعہ پرسکون گزرا، تحریک لبیک والے پاکستان کے کسی کونے سے بھی باہر نہیں نکلے، میں پاکستان کی پولیس اور رینجرز سمیت پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں