عوام نے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو کارروائی ہوگی، جام کمال

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 کی تیسری لہر کافی شدید اور خطرناک ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ عوام نے احتیاط نہ کی تو بھارت جیسے حالات پیدا ہو جائیں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ بے احتیاطی کے باعث صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ صورتحال بہت نازک ہے ہمیں اسے بالکل آسان نہیں لینا چاہیے۔ عوام میں خوف ہے اور نہ احتیاط کر رہے ہیں۔ حکومت اب سخت اقدامات کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تو کارروائی کی جائے گی۔ موجودہ صورتحال میں مکمل لاک ڈاؤن کا خدشہ نظر آرہا ہے۔ لاک ڈاؤن اور اس کے سنگین معاشی نتائج سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہونگی۔ وزیراعلی نے کووڈ 19 کی تیسری لہر کی شدت کے پیش نظر تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنرز کو ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں