طاقت کسی مسئلے کا حل نہیں، دوکانداروں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع او رجنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کوئٹہ میں انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں پر فائرنگ کرنے کی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کسی مسئلے کا حل نہیں او رنہ ہی بزور طاقت کاورباری طبقے کو کاروبار کرنے سے محروم رکھنا عوامی مفاد میں ہے، جمعیت علماء اسلام تاجروں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کرے گی بلکہ ماضی طرز پر اب بھی تاجروں کے ساتھ ہے، حکومت اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی پر انکوائری کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان کے تاجروں نے کورونا کے دوران حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے مگر تاجرتنظیموں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے اور ان کے ذریعے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنوانے کی بجائے تاجروں پر تشدد یا پھر فائرنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی طرز پر وفاقی حکومت بھی مکمل ناکامی سے دوچار ہے، 3سال برسراقتدار رہنے کے باوجود بھی وزیراعظم کرپشن اور چوری کا راگ الاپ رہے ہیں بلکہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف چینی، آٹا سمیت دیگر مافیاز کو فائدے پہنچائے بلکہ کشمیر کا سودا بھی کیا اور اب تو اسرائیل کے تسلیم کرنے کی بھی باتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جس بھی مسئلے پر نوٹس لیا ہے اس کی صورتحال نوٹس لینے کے بعد مزید بگڑگئی ہے، ریاست مدینہ کے دعویداروں کو عوام کا کوئی خیال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملکی سیاست میں گالم گلوچ، عدم برداشت اور بدزبانی کی سیاست متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت کورونا وبا کی لپیٹ میں ہے لیکن نیازی سرکار نے حالیہ تقریر میں اتحاد واتفاق کی بجائے قوم کو مبینہ طور پرتقسیم کرنے کی کوشش کی جو قابل مذمت ہے۔


