770کلومیٹر طویل کوسٹل لائن کی30سالہ ماسٹر پلاننگ کی جارہی ہے، رؤف رند
تربت (نمائندہ انتخاب) وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر میر عبدالرؤف رند کی زیرصدارت بلوچستان کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی اسکیمات، ایکٹ میں ترمیم، ماسٹرپلاننگ، بی سی ڈی اے کے حوالے سے دیگرتمام امور پر تفصیلی میٹنگ جمعہ کے روز ان کے دفترمیں منعقد ہوئی، اجلاس میں سیکرٹری بلوچستان کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی وفشریز شاہد سلیم، بی سی ڈی اے کے ڈائریکٹرجنرل بابر خان سمیت دیگر افسران شریک تھے، اجلاس میں بی سی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غورکیاگیا اور احکامات جاری کئے گئے، اجلاس میں بلوچستان کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اسکیمات، کوسٹ لائن کی ماسٹرپلاننگ، فلوٹنگ جیٹیز، ریزورٹس اور ریسٹ ایریاز کی تعمیرپر تفصیلی بات چیت کی، میرعبدالرؤف رند نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کوسٹ کی ڈیولپمنٹ پرخاص توجہ دے رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ ساحلی علاقوں میں اتنے بڑے پیمانے پر منصوبے متعارف کئے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ذاتی دلچسپی کے باعث ساحلی علاقوں کیلئے اربوں روپے کی فنڈنگ کی گئی ہے، میرعبدالرؤف رند نے کہاکہ 30سالہ ماسٹرپلاننگ پروجیکٹ جس میں 770کلومیٹر طویل کوسٹ لائن کی ماسٹرپلاننگ کی جارہی ہے، ہمیں ہرصورت میں اس میں نفاست لانی ہوگی، انہوں نے ہدایت کی کہ جلد ان منصوبوں پرکام کاآغازکیاجائے، دفتری پروسز جلد مکمل کرکے ماسٹرپلاننگ شروع کی جائے، ماسٹرپلاننگ کے تمام کمپوننٹس پر باریک بینی سے غورکیاجائے، ہرکمپوننٹ کی تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے، یہ ہمارا اہم پروجیکٹ ہے، فلوٹنگ جیٹیز کے بارے میں بھی تفصیلی غوروخوض کی گئی اور اس بات پر زوردیاگیا کہ بلوچستان کے ساحل پرپہلی مرتبہ فلوٹنگ جیٹیزکی تعمیرکامنصوبہ شروع کیاجارہاہے یہ ایک ٹیکنیکل پروجیکٹ ہے جس پہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، بی سی ڈی اے کے تمام پروجیکٹس پرکام تیزکیاجائے اور کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایاجائے، اجلاس میں ریسٹ ایریازکے حوالے سے زمینوں کے چند مسئلے سامنے آئے تو میرعبدالرؤف رند نے ہدایت کہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے میٹنگ کرکے زمینوں کے مسئلے حل کئے جائیں تاکہ جلد یہ منصوبے شروع کرکے پایہ تکمیل تک پہنچائے جاسکیں،اجلاس میں بی سی ڈی اے ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔


