صوبے میں ایسی حکومت کے قیام کی ضرورت ہے جو موجودہ حکومت سے زیادہ فعال اور بہتر امور سرانجام دے سکے،سردار صالح بھوتانی
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومتی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ہیں صوبے میں ایک ایسی حکومت کے قیام کی ضرورت ہے جو موجودہ حکومت سے زیادہ فعال اور بہتر انداز میں ترقیا تی امور سرانجام دے سکے، سردار محمد صالح بھوتانی کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے بلوچستان نہ صرف پاکستا ن بلکہ خطے کا اہم ترین علاقہ ہے جس میں تمام شراکت داروں، تھنک ٹینکس اور ملکی اداروں کی مشاورت کے ساتھ چلنا ضروری ہے۔ یہاں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ترجمان سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں بلوچستان کا کلیدی کردار ہے صوبے کو ایک ایسی فعال اور منظم حکومت کی ضرورت ہے کہ جو تمام شراکت داروں، اداروں،ملکی پالیسیوں اور تھنک ٹینک کے ساتھ مشاورت سے چلے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کو اعتماد میں لئے بغیر ترقی اور استحکام کے اہداف،سی پیک منصوبے، معدنی وسائل سے استفادہ حاصل کرنا مشکل ہے سردار محمد صالح بھوتانی کا روز اول سے موقف رہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں بلوچستان اہم کردار ادا کرسکتا ہے مگر اس ترقی اور خوشحالی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بلوچستان میں فعال اور متحر ک عوام دوست حکومت کی ضرورت ہے جسکی پالیسی ایک طرف خطے اور ملک کے حالات و لواضمات اور دوسری طرف عوام کی معاشی اور معاشرتی ترقی سے منسلک ہو۔


