عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری ہے، سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ: صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ عوام دوست اور صوبہ بلوچستان کا ایک منفرد،منصفانہ اور تاریخی بجٹ ہوگا جبکہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلی جام کمال خان کی قیادت میں عوام کی امنگوں پر پورااترنے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری ہے تاہم ماضی کی حکومتوں کے برعکس آئندہ بجٹ میں پی،ایس،ڈی،پی پرمن پسندی کے بجائے انصاف پسندی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔جبکہ آئندہ بجٹ بلوچستان کی تاریخ میں ایک نمایاں اور عوامی تقاضوں کے عین مطابق بجٹ ہوگاصوبائی وزیر نے کہا کہ اس بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ یہاں کے عوام کی ضروریات زندگی سمیت صحت،تعلیم،آبنوشی،روزگارکی فراہمی،امن وامان کی بحالی،سماجی تحفظ کی دستیابی کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سردار کھیتران نے کہا کہ ہماری جماعت کورونا وائرس کے باعث اس ناخوشگوار حالات میں بھی عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔جبکہ صوبے کی مجموعی صورتحال اور عوام کی بنیادی ضروریات زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں مشاورت سے عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں صوبہ کے ہر ضلع کی ترقی کو مد نظر رکھا جائے گا جبکہ بجٹ میں تمام منتخب اراکین کی مشاورت سے بے شمار اور ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔جس سے عوام مجموعی طور پر استفادہ حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو زندگی گزارنے کے لیے تمام تر سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں۔اور صوبہ بلوچستان کو ترقی کے دوڑ میں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں