وائرس سے اموات کی شرح آنے والے دنوں میں بڑھ سکتی ہے، ظفر مرزا

اسلام آباد,وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ لوگ ویڈیوز بنا کرجاری کررہے ہیں جس میں شہری تمام چیزیں پہنے پھرتے ہیں جس کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ غلط فہمی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر کیسز 17 لاکھ سے زائد ہوچکی ہیں، ایک لاکھ سے زائد اموات اور 4 لاکھ سے زائد صحت یاب ہوئے ہیں۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ پاکستان کے لیے گزشتہ 24 گھنٹے زیادہ بھاری تھے کیونکہ اب تک کی سب سے زیادہ 14 اموات رپورٹ ہوئیں۔کورونا وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ہم کہتے رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کی خبریں متوقع ہیں، کل ہم نے کہا تھا کہ 50 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں تو ہم کہہ سکتے ہیں ان میں سے 14 مریض اپنی جان کھو بیٹھے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ آنے والے دنوں میں یہ شرح بڑھ بھی سکتی ہے اسی لیے ہم گھروں میں رہنا، اپنی صفائی کا خیال رکھنا، اپنے اور دوسرے لوگوں کا خیال رکھنا اور فاصلہ رکھنا اور ہاتھ دھونے کے لیے بار بار ہدایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 اموات کے علاوہ 254 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو نسبتاً بڑی شرح ہے اور اب تک مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ظفر مرزا نے کہاکہ ان 5 ہزار سے زائد مریضوں میں سے تقریباً نصف ایسے ہیں جو مقامی طور پر تبادلے سے ہوئے ہیں جبکہ نصف تعداد باہر سے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں تجاویز کے حوالے سے اجلاس ہوا اور (آج) پیر کو پھر قومی رابطہ کمیٹی این سی سی کا اجلاس ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے کورونا وائرس روکنے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں