ساحل پر پھنسے جہاز نے کنٹرول سے کئی مرتبہ مدد کیلئے رابطہ کیا

کراچی (انتخاب نیوز)کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹانگ 77 کی مدد کی کال کی آڈیو نجی ٹی وی نے حاصل کرلی۔آڈیو ریکارڈ کے مطابق جہاز نے پورٹ قاسم سے کئی مرتبہ رابطہ کیا۔آڈیو ریکارڈ کے مطابق مشکل حالات میں کیپٹن عمر نے منوڑہ کنٹرول سے ہنگامی رابطہ کیا اور بتایا کہ ان کا جہاز ساحل کی جانب جارہا ہے گراونڈ ہونے کا خدشہ ہے۔منوڑہ کنٹرول سے خاموشی پر کیپٹن نے دوبارہ پیغام بھیجا کہ کیا منوڑہ کنٹرول نے اس کا پیغام سنا، جواب دیا گیا کہ سوری منوڑہ کنٹرول آپ کی کوئی مدد نہیں کرسکتا۔آڈیو ریکارڈ کے مطابق جہاز کے کیپٹن نے پورٹ قاسم سے متعدد بار رابطہ کیا، تین بار رابطے کے بعد پورٹ قاسم کنٹرول نے چینل ٹین پر رابطے کا حکم دیا۔کیپٹن نے چینل 10 پر رابطہ کیا تو قاسم پورٹ کنٹرول ٹاور سے کوئی جواب نہیں آیا۔کیپٹن عمر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ رات 1 بجکر 20 منٹ کے بعد لاتعداد بار ہنگامی رابطے کیے گئے، صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے جہاز ساحل کی ریت میں لگ گیا۔کراچی میں ساحل سمندر پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے دو ٹگ بوٹس کا آپریشن کی اجازت ملنے کا انتظار ہے۔بحری جہاز کو ساحل سے نکالنے کے آپریشن میں تاخیر کے باعث جہاز کے ریت میں مزید دھنسنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔مشیر میری ٹائم افیئرز محمود مولوی جہاز کے انجن میں طاقت نہیں ہے، جہاز ہمارے علاقے سے نکلنے کے بعد پھر آگیا۔چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے محمود مولوی کا کہنا تھا کہ دونوں عیدوں کے دن پورٹ بند ہوتا ہے، جب تک ہم پہنچے تو یہ کم پانی میں داخل ہوگیا تھا۔مشیر میری ٹائم افیئرز نے کہا کہ جہاز 15 اگست سے پہلے نہیں نکلے گا، پہلے جہاز سے تیل نکالا جائے گا۔اس موقع پر جب صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ایک اینکر ٹوٹنے پر بندرگاہ پر جہاز لگنے کی اجازت کیوں نہ دی گئی؟ تو چیئرمین کے پی ٹی نے جواب دیا کہ اس بات کا جواب نہیں دوں گا تحقیقات چل رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں