کابل میں سرکاری گاڑی پر بم حملہ، ایک شہری جاں بحق، 2 زخمی
کابل:افغان دارالحکومت کابل کے مشرقی حصے کے ضلع بگرامی میں پیر کے روز ایک سرکاری اہلکار کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکہ کے نتیجے ایک شہری جاں بحق اور سیکورٹی فورس کے دو ارکان زخمی ہوگئے۔کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایک تحریری پیغام کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا 7 بجکر 30 منٹ پر بگرامی ضلع میں ایک گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس مناسب وقت پر مزید معلومات جاری کرے گی۔گاڑی میں سوار اہلکار کی شناخت تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ مقامی باشندوں کے مطابق ہلاک ہونے والا ایک راہگیر تھا جبکہ زخمی ہونے والے دو افراد گاڑی میں سوار سکیورٹی فورس کے ارکان تھے۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم افغان حکام حالیہ مہینوں کے دوران ہونے والے بم دھماکوں کے لیے طالبان عسکریت پسند گروپ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔جمعہ کے روز حکومت کے میڈیا اور اطلاعات مرکز کے ڈائریکٹر کو کابل کے پولیس ڈسٹرکٹ 7 میں ایک مسجد کے باہر طالبان مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیاتھا۔


