وزیرخارجہ کی برطانوی ہم منصب کو فون، معاشی حوالے سے تشویش سے آگاہ کردیا

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے بورس جانسن کی ہسپتال سے واپسی پر مبارک باد دی اور وزیراعظم عمران خان کی عالمی برادری سے کی گئی اپیل سے بھی آگاہ کردیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کے درمیان ٹیلی فون پر تبادلہ خیال ہوا’۔دفترخارجہ کے مطابق ‘یہ رابطہ کورونا وائرس کے حوالے سے شاہ محمود قریشی اور برطانوی سیکریٹری اسٹیٹ کے درمیان اس سے پہلے ہونے والی گفتگو کا تسلسل تھا’۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ‘برطانوی وزیر اعظم کی ہسپتال سے واپسی پر مبارک باد دی اور ان کی جلدی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا’۔دفترخارجہ کے بیان کے مطابق ‘انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں وائرس کے خلاف بھرپور جنگ پر سیکریٹری اسٹیٹ کی کوششوں کو سراہا’۔انہوں نے ‘برطانیہ کے ساتھ پاکستان کی جانب سے اظہار یک جہتی کیا اور طویل تعلق کو بھی اجاگر کیا، برطانیہ، اس کے عوام اور وزیراعظم سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا’۔شاہ محمود قریشی نے این ایچ ایس اور طبی ماہرین کی جانب سے ادا کیے جانے والے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ دنیا بھر میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے ان کی اپنی جانیں خطرے میں ہے،دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرا نے کورونا وائرس کے باعث پروازوں کی منسوخی سے شہریوں کی واپسی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پی آئی اے نے اب تک برطانیہ کے پھنسے ہوئے 7 ہزار 700 سے زائد شہریوں کے لیے 23 پروازیں چلائیں۔برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ نے پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برطانیہ، پاکستنان میں پھنسے ہوئے مزید شہریوں کی واپسی کے لیے چارٹر پروازوں کا خواہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں