نئی افغان حکومت کا خواتین کے ساتھ سلوک ریڈ لائن ہوگا، اقوام متحدہ

میونخ:اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ نے طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ ان کا سلوک ایک بنیادی ریڈلائن ہو گا۔ منگل کو افغانستان کے بارے میں ایک ہنگامی اجلاس کے افتتاح کے موقع پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے طالبان پر زور دیا کہ وہ خواتین، لڑکیوں اور نسلی و مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنے کے وعدوں کی پاسداری کریں اور انتقامی کارروائیوں سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ اب یہ ذمہ داری مکمل طور پر طالبان پر ہے کہ وہ ان وعدوں کو حقیقت میں بدلیں۔انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونا عوام کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی اداروں اور دیگر ریاستوں کے حوالے سے بھی مجرموں کی قانونی حیثیت کو کمزور کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک بنیادی ریڈلائن طالبان اور خواتین کے ساتھ سلوک ہو گا۔بیچلیٹ نے کہا کہ ان کے دفتر کو ان علاقوں سے سنگین خلاف ورزیوں کی معتبر اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔ ان خلاف ورزیوں میں پھانسیاں، خواتین پر پابندیاں، لڑکیوں کو سکول جانے سے روکنا اور کم عمر سپاہیوں کی بھرتی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں