سی پیک پر کام کرنے والوں کو آن لائن ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طویل نشست ہوئی، نئے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والوں کو آن لائن ویزہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان سے آنے والوں پر ویزہ فیس ختم کردی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے آن لائن پاور آف اٹارنی کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی پاور آف اٹارنی آن لائن حاصل کرسکیں گے، افغان تاجروں کو بزنس ویزہ کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کے لوگوں کے لیے قانونی داخلے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کو 3 لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کردی ہے، کابینہ نے ٹرانسپورٹ لاجسٹک کے حوالے سے ذیلی کمیٹی قائم کی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری خواہش ہے بلوچستان میں استحکام ہو، گورنر بلوچستان نے وزیر اعظم کو سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیمرا کونسل آف کمپلینٹ اسلام آباد کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔


