وزیراعلیٰ بلوچستان کی سریاب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جامعہ بلوچستان کے قریب پولیس وین پر ہونے والے بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت اور زخمی ہونے والے افراد پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تخریب کار عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ دا ری ہے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو شہر میں فول پروف سیکیو رٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے پولیس جوان کی شہادت اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔


