قدوس بزنجوسے ٹیلیفونک رابطہ،حکمران انا ختم کرکے ٹی ایل پی سے مذاکرات کریں،چوہدری برادران
لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمران اپنی انا ختم کر کے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کریں اور خون خرابے کے ذمہ دار نہ بنیں، حکمرانوں کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ امن بحال ہو کیونکہ سارا مسئلہ ان کے ذمے لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان شہید ہو رہے ہیں، راستوں کی بندش سے لوگ ایمبولینسوں میں مر رہے ہیں وہ کیا کسی سے کم مسلمان ہیں، شہیدوں کی بیواؤں اور بچوں سے کوئی جا کر پوچھے کہ وہ کس حال میں ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جب دونوں اطراف سے اپنے ہی مسلمان مر رہے ہوں تو نقصان کس کا ہو رہا ہے، حکمران اس بات کو سمجھیں کہ حکومتوں کی کوئی انا نہیں ہوتی اور امن کے سوا کوئی چوائس نہیں اس ساری صورتحال میں نقصان صرف اپنے ملک کا ہو رہا ہے، بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا، دشمن ملک سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو اپنے ملک کی عوام سے کیوں نہیں۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان کا بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال نے بڑا دل اور برد باری سے فیصلہ تسلیم کر کے ساتھ دیا انہیں بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو سلجھے ہوئے سیاستدان ہیں، کم عمری میں ہی انہوں نے دو بار بلوچستان کا وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، بلوچستان کے سیاسی خلا کو انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے چودھری صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی میرے محترم اور خیر خواہ ہیں، سیاست کے اتار چڑھاؤ کے متعلق بہت کچھ میں نے ان سے سیکھا ہے، مجھے جب بھی سیاسی مشکل پیش آئی میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سے رہنمائی حاصل کی، چودھری خاندان سے ہمارے دیرینہ مراسم ہیں۔


